میرپور: جعلی گارڈین اور جانشینی سرٹیفکیٹس کے ذریعے 13 سال تک مبینہ طور پر سرکاری پنشن وصول کرنے کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، پانچ ملزمان گرفتار۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میرپور کے 3 نومبر 2026 کے تحریری حکم پر پولیس تھانہ سٹی میرپور نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان ایاز احمد، فیاض احمد، نیاز احمد، قیصر اور زیارت کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
عدالتی حکم کے مطابق امتیاز خان کی بیوہ نذیر بیگم، جن کا انتقال 25 دسمبر 2013 کو ہو چکا تھا، ان کی پنشن مبینہ طور پر جعلی دستاویزات اور غلط بیانی کے ذریعے رقیہ بی بی کو بیٹی ظاہر کرکے وصول کی جاتی رہی۔ عدالت میں مرکزی ملزم ایاز احمد کے بیان کے مطابق رقیہ بی بی اس کی بیٹی تھی، جسے مبینہ ملی بھگت سے اس کی بہن ظاہر کیا گیا۔
عدالت نے معاملے کو فراڈ، جعلسازی اور سرکاری خزانے سے ناجائز مالی مفاد حاصل کرنے کا معاملہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی طور پر وصول شدہ پنشن کی ریکوری اور سرکاری سکول ٹیچر نیاز احمد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔