میرپور کرکٹ اسٹیڈیم مارکیٹ میں چائنہ کٹنگ کا بڑا انکشاف، ڈی جی ایم ڈی اے محمود راٹھور کا سخت ایکشن، دکانیں، ہوٹل اور دفاتر سیل کرنے کا انتباہ!
میرپور (آواز نیوز): میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محمود راٹھور نے کرکٹ اسٹیڈیم مارکیٹ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی تعمیرات، چائنہ کٹنگ اور تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ انچارج آفیسر تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے، جبکہ ڈی جی ایم ڈی اے نے معاملے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا۔
ڈائریکٹر جنرل محمود راٹھور نے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میرپور کی دکانوں، ہوٹلوں اور دفاتر میں چائنہ کٹنگ کی شکایات سو فیصد درست ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی اور مقررہ حدود میں کسی قسم کی غیر قانونی توسیع یا تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی ایم ڈی اے کے مطابق معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو کرکٹ اسٹیڈیم مارکیٹ میں ہونے والی چائنہ کٹنگ، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
محمود راٹھور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر تحقیقات کے دوران میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کوئی افسر یا اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم مارکیٹ میں قائم تمام متعلقہ دکانوں، ہوٹلوں اور دفاتر کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ غیر قانونی چائنہ کٹنگ اور تجاوزات فوری طور پر ختم کی جا سکیں۔
ڈی جی ایم ڈی اے نے خبردار کیا کہ نوٹسز کے باوجود احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کی دکانیں، ہوٹل اور دفاتر سیل کر دیے جائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے کرکٹ اسٹیڈیم کے تمام داخلی و خارجی راستوں، بالخصوص ایگزٹ پوائنٹس پر قائم تجاوزات فوری ختم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ شہریوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
ڈائریکٹر جنرل محمود راٹھور نے واضح کیا کہ ادارے کے اندر کسی بھی سطح پر غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔


